لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا گورنر ہاؤس لاہور میں مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں دونوں جماعتوں نے اتحادی حکومت کو مستحکم رکھنے اور باہمی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں اسحاق ڈار، ایاز صادق، رانا ثناءاللہ، راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، قمر زمان کائرہ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ اجلاس جلد بلانے پر بھی اتفاق ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلدیاتی انتخابات، مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کسانوں کے مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ پیپلز پارٹی نے بعض حکومتی پالیسیوں اور عوامی مسائل پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ حسن مرتضیٰ اور اسحاق ڈار کے درمیان بعض معاملات پر تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
دونوں جماعتوں نے اختلافات کے باوجود سیاسی رابطے اور اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

Leave a Reply