کرفیو کے دوران کسی بھی شہری کو پیشگی اجازت کے بغیر گھر سے نکلنے یا ضلع میں نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی
بلوچستان حکومت نے ضلع نوشکی میں حالیہ واقعات اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کرفیو نافذ کردیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے ضلع نوشکی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144 کے تحت کرفیو نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق 28 جولائی 2026 کو نوشکی ویسٹرن بائی پاس پر واقع فرنٹیئر کور (ایف سی) پوسٹ پر دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں اور ضلعی انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) کی سفارشات کی روشنی میں ضلع کی امن و امان کی صورتحال انتہائی حساس قرار دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، حساس سرکاری تنصیبات اور قومی شاہراہ این-40 پر دہشت گرد حملوں میں اضافے کے باعث عوامی جان و مال، سرکاری و نجی املاک اور ٹریفک کی روانی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔نوٹی فکیشن کے مطابق مستند انٹیلی جنس اطلاعات سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ آئندہ ماہ اگست کے دوران دہشت گردی کے مزید واقعات کا خدشہ موجود ہے، جن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے، سرکاری تنصیبات اور دیگر حساس مقامات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
Leave a Reply