وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے انتظامی یونٹ نہیں بلکہ ان کی اپنی تاریخ، شناخت اور آئینی حیثیت ہے، ایسے بیانات کی حساسیت کو سمجھا جانا ضروری ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی کی قومی پالیسی مکالمہ کی تقریب میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ محسن نقوی سے بہتر حکمرانی، مؤثر نظام اور عوام کی سہولت کے لیے اصلاحات کی ضرورت پر اتفاق ہے تاہم انتظامی اصلاحات اور صوبوں کی تشکیلِ نو دو بالکل مختلف معاملات ہیں۔ناصر شاہ نے کہا کہ صوبے محض انتظامی یونٹ نہیں، ان کی اپنی تاریخ، شناخت، ثقافت، زبان، جغرافیہ اور آئینی حیثیت ہے، صوبوں کی حدود یا حیثیت میں تبدیلی کو صرف انتظامی ضرورت قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر انتظامی اختیارات عوام کے قریب لانا مقصد ہے تو یہ کام موجودہ آئینی ڈھانچے میں بھی کیا جا سکتا ہے، نئے اضلاع، ڈویژنز اور تحصیلیں بنائی جا سکتی ہیں، بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنا کر اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جا سکتے ہیں۔محسن نقوی معاملے کی حساسیت کو سمجھیں، سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ناصر شاہ

Leave a Reply